انڈس اسپتال کی جدید ترین ایمرجنسی سہولت کا آغاز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے کراچی کورنگی کیمپس کی نئی عمارت میں موجود جدید ترین ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ، مہمانوں اور اسپتال کے ڈونرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبدالکریم پراچہ، صدر انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او پروفیسر سید ظفر زیدی اوردیگر نے صوبائی وزیر اور مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ نئی ایمرجنسی کے افتتاح کے بعد ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اسپتال انتظامیہ کے ہمراہ نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ مہمان خصوصی کو بتایا گیا کہ انڈس اسپتال کی نئی ایمرجنسی جدید ٹیکنالوجی اور جدید سہولیات سے لیس ہے جبکہ یہاں عوام کو بلا تفریق صحت کی بہترین اور جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پاکستان اور بالخصوص سندھ میں صحت کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات میں انڈس اسپتال کی تعریف کی جبکہ انڈس ہسپتال کی نئی ایمرجنسی اور 1350 بستروں پر مشتمل نئے اسپتال کو بہترین اضافہ قرار دیا۔