مرتضیٰ وہاب کا تاجروں سے متعلق بیان قابل مذمت،سیف الدین

مرتضیٰ وہاب کا تاجروں سے متعلق بیان قابل مذمت،سیف الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیکڑوں ارب کے اخراجات کے باوجود کراچی کی حالت بد تر ہوتی جارہی ہے ۔

 سندھ حکومت،کے ایم سی اور دیگر اداروں کی بد ترین کار کردگی کے باعث کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ، ٹھیکوں میں کرپشن اور بے قاعد گیوں کی شکایات زبان زد عام ہیں۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشر الحق حسن زئی، جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرز قاضی صدر الدین،جنید مکاتی و دیگر بھی موجود تھے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے مرتضیٰ وہاب کی جانب سے کراچی کے تاجرو ں کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کی اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ کراچی کے تاجر ہی ہیں جو بھتہ خوری اور شہر کے تباہ حال انفرااسٹرکچر کے باجوود اتنا ٹیکس دے رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت اور سندھ حکومت کا 95 فیصد بجٹ چل رہا ہے ۔علاوہ ازیں ضلع قائدین کے زیر اہتمام عوامی منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب میں سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے عوام کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔ اس موقع پر امیر ضلع قائدین انجینئر عبدالعزیز ،جناح ٹاؤن کے چیئر مین رضوان عبدالسمیع اور نائب امیر جماعت کراچی ڈاکٹر واسع شاکر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں