تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش کراچی میں شروع

تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش کراچی میں شروع

کراچی (بزنس رپورٹر) پانی اور توانائی کی تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش کراچی میں شروع ہو گئی۔ صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے فیتا کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔

نمائش میں پہنچنے پر منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے دونوں وزرا کو خوش آمدید کہا اور اسٹالز کا دورہ کرایا۔ وزرا نے غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کے اسٹالز پر موجود جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کو سراہا۔ انہوں نے غیر ملکی مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی ترغیب دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے نمائش کے انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پانی اور توانائی دو اہم ضروریات زندگی ہیں جن کی بلاتعطل فراہمی سے نا صرف عوام الناس کو سہولت ملتی ہے بلکہ انڈسٹری کا پہیہ بھی چلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت بھی خوش آئند اور ملکی معیشت میں بہتری کی نوید ہے ۔ اس دوران نمائش کے منتظم کامران عباسی نے بتایا کہ نمائش میں چین، ترکی، مراکو، آسٹریلیا، مصر، امریکہ کی کمپنیاں شریک ہیں۔ دو ہالز میں 60 سے زائد نمائش کنندگان نے 175 اسٹالز لگائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کاروبار کے زبردست مواقع فراہم کرے گی۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے سکندر زرداری نے نمائندگی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں