سندھ بلائنڈ ایکشن کمیٹی کا احتجاج ،ریڈزون میں داخلے کی کوشش،بدترین ٹریفک جام
کراچی(این این آئی)سندھ بلائنڈ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام نابینا افراد کی جانب سے منگل کوکراچی پریس کلب قریب دین محمد فائی روڈ پر دھرنا دیاگیا جس کے باعث کراچی میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فورا رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق سندھ بلائنڈ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام نابینا افراد کی جانب سے منگل کوکراچی پریس کلب قریب دین محمد فائی روڈ پر دھرنا دیاگیا۔نابینا افراد کا مطالبہ تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرائی جائے اور سندھ میں تمام نابینا افراد کو مستقل ملازمتیں فراہم کی جائیں۔مظاہرین نے کہا کہ وہ بصارت سے محروم افراد کی فہرست فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ انہیں حکومت کی جانب سے مناسب ملازمتیں دی جا سکیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کی وجہ سے آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس اور اطراف کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔دفاتر سے چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری دین محمد وفائی روڈ پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو ریڈ زون میں داخلے سے روک دیا۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فورا رپورٹ طلب کی اور ٹریفک پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کو ٹریفک مینجمنٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے انتظامات کیے جائیں ۔