بیوہ کو پنشن کی عدم ادائیگی پرکے ایم سی سے جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کے ایم سی ملازم کی بیوہ کو پنشن کی عدم ادائیگی کی درخواست پر کے ایم سی سے جواب طلب کرلیا ہے ۔۔
سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، وکیل درخواست گزار نہال لاشاری ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی ملازم عشرت پرویز 2003 میں انتقال کرگئے تھے ، کے ایم سی حکام نے مدت ملازمت کی بنیاد پر بیوہ کو پنشن جاری کرنے سے انکار کردیا ہے ، مرحوم ملازم کی ملازمت 9 سال چھ ماہ اور 12 دن تھی، کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قواعد کے مطابق پینشن کے لئے 10 سالہ سروس ضروری ہے ، جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے میں مدت ملازمت تقریباً پوری ہوگئی ہے ، کے ایم سی کو تھوڑی نرمی دکھانی چاہیے تھی۔ جسٹس کریم خان آغا نے ریمارکس دیئے کہ 9 سال چھ ماہ اور ایک دن کی سروس بھی دس سال میں شمار ہوتی ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے پنشن کے معاملات میں دو سال کی نرمی کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود کے ایم سی حکام بیوہ کو پنشن جاری نہیں کررہے ہیں۔ کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ میئر کراچی سے مزید ہدایت لینے کے لئے مہلت دی جائے ، عدالت نے کے ایم سی سے 13 جنوری تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔