مسلم یوتھ لیگ کے تحت چیمپئنز گدھا گاڑی ریس کا انعقاد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم یوتھ لیگ کراچی کی جانب سے مائی کلاچی تا نیٹی جیٹی پل چیمپئنز گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا گیا۔
ریس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریس میں پہلی پوزیشن عارف نے لی جبکہ دوسری پوزیشن پر چھٹا استاد رہے اور تیسری پوزیشن ندیم نے اپنے نام کی۔ تمام پوزیشن ہولڈرز کو بالترتیب ایک لاکھ روپے ، پچاس ہزار اور تیس ہزار کے نقد انعامات اور میڈلز دیے گئے ۔ گدھا گاڑی ریس میں 15 چیمپئنز نے حصہ لیا ، جنہیں حوصلہ افزائی کے لیے اعزازی شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔ ریس کے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی کے علاوہ دی ماڈرن ریسکیو ٹیمیں ایمبولنس کے ہمراہ موجود رہیں۔ ریس میں معززین علاقہ و اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ریس کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ لیاری پاکستان کی پہچان ہے یہاں کے نوجوان خداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں لیاری کے نوجوانوں نے اپنا سکہ منوایا ہے ۔ پروفیشنل شعبہ جات کے علاوہ کھیلوں کے حوالے سے لیاری کا نام دنیا کی سطح پر نمایاں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا اہم سرمایہ ہیں اور ہماری کوشش ہونی چاہیے نوجوانوں کو جرائم پیشہ افراد سے بچانے کے لیے صحت مندانہ ایکٹویٹز میں مواقع دیں۔