ڈیفنس میں چھاپے کے دوران خاتون منشیات فروش ہلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں چھاپے کے دوران مبینہ منشیات فروش 38 سالہ افشین دختر اختر چوتھے فلور سے گر کر ہلاک ہوگئی۔اس حوالے سے درخشاں تھانے کے پولیس کے افسران کا کہنا ہے کہ درخشاں پولیس منشیات فروش ملزم عبید کو گرفتار کیا۔
ملزم عبید نے دوران تفتیش بتایا کہ افشین نامی خاتون ملزم کی منشیات فروشی میں کاروباری پارٹنر ہے ۔ملزم کی نشاندہی پر پولیس ملزمہ افشین کے مسلم کمرشل میں واقع فلیٹ پر پہنچی۔متعدد بار ملزمہ کے فلیٹ کا دروازہ بجانے کے باوجود ملزمہ افشین دروازہ کھولنے کے بجائے اپنے فلیٹ کی بالکنی پر چڑھ گئی اور اس دوران وہ چوتھے فلور سے نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئی۔ ملزمہ افشین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی ۔۔ پولیس کے مطابق متوفیہ افشین اپنے فلیٹ میں اکیلی رہتی تھی جبکہ متوفیہ کے گھر سے شراب کی بوتلوں سمیت نشے کی دیگر چیزیں بھی برآمد ہوئی ہیں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر خاتون افشین منشیات فروشی کا دھندہ کرتی تھی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے گھر میں نشے کے عادی افراد کو بیٹھ کر نشہ فراہم کرنے کی سہولت بھی دیتی تھی پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ خاتون چھاپے کے دوران گھر کی بالکنی پر کھڑی ہو گئی تھی اور اسی دوران نشے کی زیادتی اور توازن بگڑنے کے نتیجے میں وہ بالکنی سے گر گئی ۔