اسٹیل مل انتظامیہ نے گلشن حدید کا پانی بحال کردیا

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)اسٹیل مل انتظامیہ نے گلشن حدید کا پانی بحال کردیا۔پانی کی مستقل فراہمی کے لئے ایک ماہ کے اندر واٹر کارپوریشن انتظام سنبھالے گی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں گزشتہ ایک ہفتے سے اسٹیل مل کی جانب سے پانی کی بندش پر ملیر سے منتخب پیپلز پارٹی کے ایم این اے آغا رفیع اللہ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق وفاقی وزیر پیداوار کے سامنے سخت احتجاج کرنے کے بعد وفا قی حکومت کی ہدایت پر اسٹیل مل انتظامیہ نے پانی فوری طور پر بحال کر دیا ہے ۔ گلشن حدید کو مستقل بنیادوں پر پانے کی فراہمی کے لیے چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے سید آغا رفیع اللہ، ملیر کے جنرل سیکرٹری امداد جوکھیو، اطلاعات سیکریٹری شاہ جہاں خان۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو نے شرکت کی ۔ چیف سیکریٹری نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو جلد از جلد پانی فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کو واٹر بورڈ انتظامیہ اور مل انتظامیہ کا معاملات حل کرنے کے لیے معاون مقرر کیا گیا ۔اجلاس میں ایم این اے آغا رفیع اللہ، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی امداد جوکھیو نے کہا کہ گلشن حدید میں پانی کا بحران حل کرنے کے بعد اسٹیل ٹاؤن میں گیس کی بحالی کا مسئلہ بھی جلد حل کیا جائے گا۔