روہڑی میں بھائی کے ہاتھوں بہن قتل،ماں ،بھابھی زخمی

کشمور ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) سندھ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون۔۔
، بچے سمیت چار افراد کو قتل کردیاگیا۔ کشمور کی مویشی منڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اواوو کے رہائشی محمد اقبال بھٹو کو قتل کر دیا اور باآسانی فرار ہو گئے ۔ دوسری واردات میں بخشاپور میں واقع ایک پٹرول پمپ کے قریب بنگوار گینگ کے افراد نے فائرنگ کر کے عبدالجبار ڈومکی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دونوں واقعات کی اطلاع پر پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کیں ،تاہم آخری اطلاعات تک مقدمات درج نہیں ہو سکے۔ لاڑکانہ کے نواحی گاؤں عاقل میں کہڑا اور گاد برادری کے درمیان پرانے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 11 ماہ کا شیرخوار بچہ علی گل جاں بحق جبکہ اس کی والدہ صائمہ اور 8 سالہ بہن نور فاطمہ زخمی ہوگئیں۔ زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ روہڑی کے گاؤں صاحب خان جسکانی میں گھریلو تنازعے پر بھائی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 60 سالہ بہن مائی بچائی کو قتل اور والدہ لال خاتون و بھابھی ممتاز خاتون کو شدید زخمی کر دیا۔ ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔