جامعات کے طلبہ و اساتذہ کی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی

جامعات کے طلبہ و اساتذہ کی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں ایک شاندار اور پرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔۔

 جس میں شہر کی مختلف نجی و سرکاری جامعات کے طلبہ، اساتذہ اور وائس چانسلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کا اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جو نشانِ پاکستان سے شروع ہو کر کلاک ٹاور تک پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں نوجوانوں نے سبز ہلالی پرچم تھامے \\\"پاکستان زندہ باد\\\" اور \\\"پاک فوج زندہ باد\\\" کے فلک شگاف نعرے لگائے ، جس سے پورا ساحل جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی کی ضامن ہے اور قوم اپنے محافظوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ۔سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ و اساتذہ نے بھی ریلی میں نمایاں شرکت کی۔یونیورسٹی کے رجسٹرار،کموڈور (ریٹائرڈ)سید سرفراز علی نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے ، اور آج کی یہ یکجہتی ریلی دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پاکستانی نوجوان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک کے نوجوان وطن کی سلامتی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ ریلی کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید تقویت دیتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں