حیدرآباد :فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، مضر صحت دودھ تلف، 50ہزار جرمانہ

حیدرآباد(نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان اور ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آصف علی جان کی ۔۔۔
خصوصی ہدایات پر سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی ٹیم نے بدین اسٹاپ کے قریب واقع ایک آئس فیکٹری اور دودھ کی دکان پر اچانک چھاپہ مارا۔یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو کی سربراہی میں کی گئی، جس کے دوران فیکٹری میں منجمد دودھ کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں دودھ میں یوریا اور بورک ایسڈ کی ملاوٹ ثابت ہوئی، جبکہ صفائی کا معیار بھی انتہائی ناقص پایا گیا۔ماہرین کے مطابق دودھ میں شامل یہ کیمیکل انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں، جو معدے ، گردے اور جگر کو شدید متاثر کر سکتے ہیں۔سندھ فوڈ اتھارٹی نے موقع پر ہی مضر صحت دودھ کو تلف کرتے ہوئے فیکٹری اور دکان کے مالکان پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خوراک کی تیاری، ذخیرہ یا فروخت میں کسی بھی قسم کی غفلت یا ملاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔