حکمرانوں نے ہر شعبے میں کرپشن کو فروغ دیا،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کو درپیش بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور ۔۔
سڑکوں کی خستہ حالی جیسے سنگین مسائل کا حل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات اور وسائل منتقل نہ کیے جائیں۔ حکمران طبقے نے ہر شعبے میں کرپشن اور ظلم کو فروغ دیا ہے ، لیکن جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی کے خلاف جدوجہد تیز کرے گی اور عوامی خدمت و اہل غزہ کی حمایت کا سفر جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کی جانب سے مہم چرم قربانی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کارکنان و طلبہ کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ سے مدثر انصاری، مولانا عبد الوحید، اور سیکریٹری ضلع عبد الحنان خان نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ ہم اقامت دین کے داعی ہیں، اور اللہ کی رضا ہی ہماری اصل منزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور غزہ کے عوام نے صبر و استقامت کی لازوال مثالیں قائم کیں، یہی اہل ایمان کا شعار ہونا چاہیے ۔ جماعت اسلامی \\\"حقوق کراچی مہم\\\" کو ازسر نو منظم اور تیز کرے گی تاکہ عوام کے حق کے لیے مؤثر آواز بلند کی جا سکے ۔مدثر انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی نہیں، ہر ادارہ ظلم پر آمادہ ہے ، چاہے وہ کے الیکٹرک ہو یا واٹر بورڈ۔ انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر کارکنان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قربانی کی کھالوں میں نمایاں اضافہ کارکنان کی جدوجہد کا ثمر ہے ۔