یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کی حقوق کے تحفظ کیلئے احتجاج کی دھمکی

 یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کی حقوق کے تحفظ کیلئے احتجاج کی دھمکی

سکھر (بیورو رپورٹ)آل پاکستان نیشنل ورکر یونین سی بی اے یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے مرکزی نائب صدر عبدالقیوم برڑو نے کہا ہے کہ ادارے کی بقاء اور ملازمین کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

 دادو ریجن کے دورے کے دوران کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملازمین ہر محاذ پر اپنے حق کے لیے متحد ہیں اور آواز بلند کرتے رہیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر متعلقہ ادارے کے اعلیٰ افسران نے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند نہ کیا تو دما دم مست قلندر ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری ان افسران پر عائد ہوگی۔دادو ریجن میں عبدالقیوم برڑو کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں ملازمین نے ان کی حقوق کی جدوجہد کو سراہا اور ان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔خطاب کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ریجنل منیجر دادو، مجیب الرحمن بنگلانی نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کورٹ (NIRC) کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے 35 کنٹریکٹ ملازمین کو جوائننگ آرڈر دیے ، لیکن بدقسمتی سے ان کے اس قانون پسند اقدام کے جواب میں بالا افسران انہیں ہراساں کر رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے ۔عبدالقیوم برڑو کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل کرنے والے ریجنل منیجرز کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ان پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افسران عدالت کا حکم ماننے سے انکار کریں گے ، وہ نہ صرف ادارے کے مفاد کے خلاف بلکہ ملازمین کے حق تلفی کے بھی ذمہ دار ہوں گے ۔انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور کنٹریکٹ ملازمین کو جوائننگ آرڈر جاری کیے جائیں، بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور قانونی جنگ لڑی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں