سیپااور بوتراب اسکاؤٹس کا شعور بیداری مہم کا انعقاد

سیپااور بوتراب اسکاؤٹس کا شعور بیداری مہم کا انعقاد

کراچی (این این آئی)عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا)اور بوتراب اسکاٹس نے مشترکہ طور پر کراچی کے مختلف حصوں میں شعور بیداری مہم کا انعقاد کیا۔

مہم کے تحت ماحولیاتی تحفظ سے متعلق پیغامات پر مبنی بینرز شہر کے 15 نمایاں مقامات پر آویزاں کیے گئے جس کا مقصد شہریوں میں ماحولیاتی مسائل، خصوصا آلودگی، پائدار ترقی، اور صاف ماحول کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ رواں سال کی مہم میں خاص طور پر پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی سے متعلق آگاہی بھی شامل کی گئی جس کا اطلاق سندھ حکومت کی جانب سے 15 جون 2025 سے کیا جا رہا ہے ۔ بینرز پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ متبادل ماحول دوست بیگز استعمال کریں اور پلاسٹک آلودگی کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ڈی جی سیپا وقار حسین پھلپوٹو نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری صرف قانون سازی سے ممکن نہیں، عوامی شعور اور شرکت سے ممکن ہے ، یہ مہم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں ہم نوجوانوں کو ساتھ لے کر ایک مثبت تبدیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ بوتراب اسکاٹس کے رضاکاروں نے بینرز کو نمایاں انداز میں آویزاں کیا ۔ماحولیاتی ماہرین اور سماجی تنظیموں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مسلسل اور زمینی سطح پر کی جانے والی مہمات ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں