سیف سٹی کے کیمروں کی نشاندہی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی کار پکڑی گئی،ڈرائیور گرفتار

سیف سٹی کے کیمروں کی نشاندہی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی کار پکڑی گئی،ڈرائیور گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)آرام باغ پولیس نے سیف سٹی کے کیمروں کی نشاندہی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی کار کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او آرام باغ شاہ فیصل نے بتایا کہ نشاندہی کے بعد ایمرجنسی رسپانس وہیکل (ای وی ایس) پولیس موبائل کے ذریعے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی کار کو پکڑ کر ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ریڈ زون میں سندھ اسمبلی کی عمارت کے قریب سے کار جس پر جعلی سرکاری نمبر جی ایس 0621 لگی ہوئی تھی جیسے ہی وہاں سے گزری وہاں موجود ای وی ایس پولیس موبائل میں تعینات عملے نے کار روک کر اس کے ڈرائیور محمد عباس کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ مذکورہ سرکاری نمبر نسان کار کو الاٹ کیا گیا تھا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے ۔یاد رہے کہ کراچی سیف سٹی پروجیکٹ پانچ مراحل پر مشتمل ہے جس کی تخمینہ لاگت 34.95 بلین روپے ہے ۔ جس میں مختلف ریزولوشن کے 12000 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب شامل ہے اور 1,700 کلومیٹر رقبے پر 2,525 پول سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 110 ایمرجنسی ریسپانس گاڑیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔پہلے مرحلے میں 1,300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جن میں 1,044 نئے کیمرے اور 193 کلومیٹر کے فاصلے پرپہلے سے نصب 256 کیمروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پولیس سائٹس کی 200 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں اس وقت کام جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں