غزہ مارچ کے قافلے سے اظہارِ یکجہتی، پریس کلب پر کیمپ قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر سے آنے والے آزادی پسندوں کے کارروان برائے غزہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے کراچی پریس کلب پر کیمپ لگایا گیا جس میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت سول سوسائٹی، سوشل ورکرز اور انسانی حقوق کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کیمپ کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور وفاقی جامعہ اردو سمیت تھنک ٹینک کیپ کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا تھا۔ یکجہتی کیمپ کا مقصد گلوبل مارچ ٹو غزہ کے شرکاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ واضح رہے کہ فریڈم فلوٹیلا کے بعد الجیریا سے چلنے والا زمینی کارروان برائے غزہ مختلف ممالک سے ہوتا ہوا مصر پہنچ چکا ہے جہاں سے غزہ کی طرف رفح کراسنگ جانا ہے تاہم مصر کی حکومت نے اس امدادی کارروان کو طاقت اور جبر کے ذریعے روک دیا ہے ۔ یکجہتی غزہ مارچ کیمپ کے شرکاء نے غزہ کے امدادی کارروان کیلئے راستے روکے جانے پر مصری حکومت کی شدید مذمت کی ۔یکجہتی کیمپ کے شرکاء نے گزشتہ دنوں ایران پر ہونے والے اسرائیلی دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ایران پر اسرائیلی جارحیت کو کھلی دہشت گردی قرار دیا۔مقررین کاکہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی جاری ہے ، امریکہ اور اسرائیل غزہ کے لوگوں کو بھوک کے ذریعہ قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کریں۔