کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف بڑا آپریشن، کمین گاہیں نذر آتش
سکھر ،اندرون سندھ(نمائندہ دنیا،بیورو رپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر پولیس کی بھاری نفری نے بکتر بند گاڑیوں اور جدید اسلحے کے ساتھ باگڑجی کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد پولیس نے متعدد کمین گاہیں نذر آتش کر دیں اور علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ کچے کے علاقے کو مکمل طور پر ڈاکوؤں سے پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا، اور پولیس ہتھیار ڈالنے والوں کو قانونی مدد فراہم کرے گی، بصورت دیگر ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ جیکب آباد پولیس کی غفلت اور ناقص نگرانی کے سبب گزشتہ دس ماہ میں قتل اور سنگین مقدمات میں گرفتار چار ملزمان پولیس کی حراست سے فرار ہو چکے ہیں، جن میں اشفاق ولد کبیر بلیدی، مدد علی عرف مدو ڈول، اور بشیر بنگلانی شامل ہیں۔فرار ہونے والے تمام ملزمان تاحال گرفتار نہ کیے جا سکے ، جبکہ انکوائریاں دبا دی گئی ہیں۔ عدالتی احاطے سے بشیر بنگلانی کی فرار کے بعد پولیس اہلکار مشتاق کو دوبارہ قیدی پارٹی میں شامل کیے جانے پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، لائن افسر، آر آئی، ہیڈ محرر و دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔اے ایس آئی علی حسن کھوسو کی مدعیت میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں سمیت فرار ملزم اور اس کے رشتہ دار پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی جیکب آباد صدام خاصخیلی سے موقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔