لیبارٹری دس گرام سیمپل بھیجا گیا، اے این ایف اسمارٹ پلے کررہا،عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے منشیات کے مقدمے میں ملزم کی سزا بڑھانے کی درخواست پر نوٹس جاری کردیئے ۔۔۔
سندھ ہائی کورٹ میں منشیات کے مقدمے میں ملزم کی سزا میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کے ذریعے ملزم محب اللہ کو نوٹس جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ وکیل اے این ایف حبیب احمد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ محب اللہ کو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے قبضے سے ایک کلو بیس گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ ٹرائل کورٹ نے اعتراف جرم کے بعد محض ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی، جو ناکافی ہے ۔ عدالت نے برآمد شدہ مواد کے وزن پر سوال اٹھاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزم سے برآمد پیکٹ کا وزن ایک کلو بیس گرام بتایا گیا، مگر اس میں پیکنگ مٹیریل بھی شامل ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ لیبارٹری کو صرف دس گرام کا سیمپل بھیجا گیا، اے این ایف ’اسمارٹ پلے ‘ کررہا ہے ۔ پورا پیکٹ اس لیے نہیں بھیجا جاتا کہ اصل وزن کا پتہ نہ چلے ۔ عدالت نے مزید ریمارکس میں کہا کہ بارڈر لائن مقدار کی مکمل منشیات کو لیبارٹری بھیجنا ضروری ہے تاکہ واضح ہو کہ اصل میں کتنی مقدار تھی۔ تاہم اے این ایف کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگر پیکنگ نکال کر بھی منشیات ایک کلو سے کم نکلے تو بھی قانون کے مطابق کم از کم سات سال سزا دی جاسکتی تھی۔