صدر میں لگنے والی آگ سے دکانداروں کا کاروبار تباہ

صدر میں لگنے والی آگ سے دکانداروں کا کاروبار تباہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عامر مارکیٹ،صدر میں گزشتہ روز لگنے والی آگ نے الیکٹرونکس اور الیکٹریکل مصنوعات کا بھاری ذخیرہ جلا کر راکھ کر دیاجس کے باعث متاثرہ دکانداروں کا کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ۔

متاثرین نے دعویٰ کیا ہے کہ آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کی مالیت تقریبا 1 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے ۔عینی شاہدین اور متاثرہ تاجروں کے مطابق آگ نے سب سے پہلے گراؤنڈ فلور کی دکانوں کو لپیٹ میں لیاجہاں 34 میں سے 28 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں۔ اس کے بعد شعلے فرسٹ اور سیکنڈ فلور پر واقع دکانوں اور گوداموں تک پھیل گئے جہاں کروڑوں روپے مالیت کا سامان برباد ہوگیا ۔کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی جیسے بڑے سانحے کے باوجود کسی حکومتی نمائندے نے متاثرین سے ملاقات کی زحمت گوارا نہیں کی، یہ رویہ افسوسناک اور تاجروں کی دل آزاری کے مترادف ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی مالی معاونت بروقت اور شفاف انداز میں یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ کھڑا کر سکیں۔رضوان عرفان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ متاثرین کے نقصان کا فوری تخمینہ لگا کر مالی امداد کے اعلانات کریں تاکہ تاجروں کو دوبارہ معاشی بحالی کی راہ پر ڈالا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں