عالمی بینک سے مالیاتی تعاون 3.96 ارب ڈالر ہوگیا،وزیراعلیٰ

عالمی بینک سے مالیاتی تعاون 3.96 ارب ڈالر ہوگیا،وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں صوبائی وزرا، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، غیر ملکی سفارتکاروں اور معروف صنعت کاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ سندھ کا عالمی بینک کے ساتھ مالیاتی تعاون 3.96 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں سرمایہ کاری کا دائرہ کار ماحولیاتی بحالی، سماجی تحفظ، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور ڈیجیٹل جدت پر مشتمل ہے ۔وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کیلئے گھروں کی تعمیر کے سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ جیسے نمایاں منصوبے پر زور دیا جو دنیا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دیگر اہم منصوبوں میں کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹریٹجی، کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پراجیکٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ اور کراچی موبیلیٹی پراجیکٹ شامل ہیں جن کا مقصد پاکستان کے معاشی مرکز میں طرز زندگی کو بہتر بنانا ہے ۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ عالمی بینک نے 2026 سے 2035 تک کا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک بھی منظور کرلیا ہے جس کے تحت پاکستان کو متوقع طور پر 20 ارب ڈالر کی امداد ملے گی۔ یہ امداد سندھ کی ترجیحات سے ہم آہنگ شعبوں جیسے غذائی قلت کا خاتمہ، تعلیم، ماحول کی بہتری اور جامع سرمایہ کاری پر مرکوز ہوگی۔انہوں نے ناجی بن حسین کی خدمات پر گہرے تشکر کا اظہار کیا.۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں