کراچی کو بدترین شہروں میں شامل کرنا پی پی کیلئے تمغہ امتیاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے عالمی ادارے کی جانب سے کراچی کو رہائش کے۔۔
قابل بدترین شہروں کی فہرست میں جگہ دینے کو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے دعوؤں پر زوردار تمانچے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا کہ بدترین شہروں کی فہرست میں کراچی کو 170 واں نمبر ملنا نام نہاد شہری و صوبائی حکومت کیلئے تمغہ امتیاز ہے جس کے لئے پیپلز پارٹی مبارک باد کی مستحق ہے ۔ 17 سالہ مطلق العنان حکمرانی اپنے کارناموں کی بدولت اب عالمی سطح پر تمغے سمیٹ رہی ہے ۔ حق پرست ارکانِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ معاشی استحکام، پانی ،بجلی، گیس اور صحت کی سہولیات، ثفاقت و ماحول، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیم و بنیادی ڈھانچے پر مبنی 30 سے زائد اشاریوں پر مبنی کارکردگی پر 170 ویں درجہ بندی ملنا کراچی دشمنی اور فاشسٹ طرزِ حکومت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے ملک و صوبے کو پالنے والے شہر کو اپنے مذموم عزائم پورا کرنے کیلئے تباہی و بربادی کی طرف دھکیلا ہوا ہے ۔ ایوان میں مہمان نوازی کی ڈینگیں مارنے والوں نے منہ کا نوالہ تک چھین لیا ہے ۔ حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے مقتدرہ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ نوشتہ دیوار ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری سندھ بلخصوص کراچی کو پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت سے نجات دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے ۔