سٹی کورٹ میں سیکیورٹی مسائل پر وکلاء کا بنیادی ڈھانچے میں بہتری کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سٹی کورٹ میں انتظامی اور سیکیورٹی مسائل پر وکلا بارز اور سینئر وکلاء نے انصاف کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں سٹی کورٹ کی مخدوش صورتحال اور عدالتی انفرااسٹرکچر کی زبوں حالی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز میتلو، سینئر وکلاء ضیاء اعوان، اختر حسین، کراچی بار کے جنرل سیکریٹری غلام رحمان کورائی اور سندھ بار کونسل کے رکن رزاق مہر نے ایک اہم پریس کانفرنس میں اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔ ضیاء اعوان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ میں سٹی کورٹ کے مسائل پر درخواست دائر کی گئی ہے کیونکہ سٹی کورٹ میں سیکیورٹی سمیت بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور وہاں کوئی بھی شخص خود کو محفوظ نہیں سمجھتا۔ سیشن ججز اور ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کی رپورٹس کے مطابق صورتحال انتہائی خراب ہے ۔