کسانوں،شہریوں کے مسائل فوری حل کیے جائیں،صباء تالپور
کنری (نمائند ہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور مرحوم ایم این اے نواب محمد یوسف تالپور کی اہلیہ اور ضلع عمرکوٹ سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی صباء تالپور نے ایوان میں پہلا خطاب کرتے ہوئے علاقے کے عوامی مسائل پر جرأت مندانہ مؤقف اختیار کر کے نمائندگی کا حق ادا کر دیا۔
قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے فوراً بعد اپنے خطاب میں انہوں نے کنری سمیت ضلع عمرکوٹ میں جاری زرعی پانی کی مصنوعی قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی پر بھرپور آواز بلند کی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں اور عام شہریوں کو فوری طور پر ان مسائل سے نجات دلائی جائے ، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ ان کے خطاب کو عوام، خصوصاً آبادگار اور کسان برادری کی جانب سے بے حد سراہا گیا ہے ، جنہیں قومی سطح پر اپنے مسائل کے اجاگر ہونے کی نئی امید ملی ہے ۔مقامی سیاسی و سماجی حلقوں میں صباء تالپور کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے آغاز ہی میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں، اور توقع ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے حلقے کے مسائل اعلیٰ ایوانوں میں پیش کرتی رہیں گی۔