سکھر :گرمی کی شدت میں مزید اضافہ، غیر اعلانیہ بجلی بندش شروع
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں درجہ حرات بڑھنے لگا، گرمی کی شدت میں مزید اضافہ،سڑکوں پر سناٹا چھا گیا،شہری گھروں میں محصور،ٹریفک بھی معمول سے کم،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے پر شہری پریشان۔۔۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر اور اس کے گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ، معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے اور سڑکوں پر سناٹا چھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب گرمی کی شدت بڑھتے ہی سکھر الیکٹرک پاور سپلائی سپیکو انتظامیہ کی جانب سے شہری و دیہی علاقوں میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور دن بھر آنکھ مچولی نے شہریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے ، جس کے باعث گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہیں اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دوسری جانب شہریوں کی بڑی تعداد نے گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے نہروں اور نجی واٹر پارکوں کا رخ شروع کردیا ہے ۔