چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن کا پابندی کیخلاف احتجاج کااعلان

چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن کا پابندی کیخلاف احتجاج کااعلان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں چنگچی رکشوں پر پابندی کے خلاف چنگچی رکشا ایسوسی ایشن حرکت میں آ گئی اور پابندی ختم نہ کرنے پر اگلا لائحہ عمل دے دیا ہے ۔

مذکورہ صورتحال پر چنگچی رکشا ویلفیئر ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پابندی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور پابندی ختم نہ کرنے کی صورت میں سڑکوں پر آ کر احتجاج اور دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کی پابندی سے رکشا ڈرائیوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس پابندی سے مستثنیٰ شاہراہوں پر بھی چالان کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے رکشے محکمہ ٹرانسپورٹ اور سندھ حکومت سے منظور شدہ ہیں۔ دفعہ 144 کے ذریعہ چنگچی رکشوں پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔کراچی کی 20 شاہراہوں پر چنگچی رکشے چلانے پر پابندی عائد ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان تو اس کاروبار سے وابستہ افراد معاشی مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں کئی ماہ سے شہر قائد کی اہم شاہراہوں پر چنگچی رکشوں کے چلانے پر پابندی ہے ۔ ادھر کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی قلت کے باعث اہل کراچی کے سفر کا زیادہ انحصار بھی ان ہی چنگچی رکشوں پر ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں میں ہزاروں افراد اس روزگار سے بھی وابستہ ہوگئے ۔دوسری جانب گزشتہ دنوں سندھ کے وزیر داخلہ اور قانون ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت موٹر وہیکلز ترامیم سے متعلق اجلاس میں چنگچی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں