چینی کا وافر اسٹاک موجود، امپورٹ کا فیصلہ غلط ہے ، محمود مولوی

کراچی (این این آئی)سینئر سیاستدان محمود مولوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔۔۔
کیونکہ ملک میں پہلے ہی 30 لاکھ ٹن چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے ، جو آئندہ چھ ماہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے ۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی کی ٹوٹل ماہانہ کھپت تقریبا 4.5 لاکھ ٹن ہے جبکہ نومبر کے دوران نئے سیزن کی کرشنگ کا بھی آغاز ہو جائے گا، جس کے بعد مقامی سطح پر چینی کی سپلائی مزید بہتر ہو جائے گی۔محمود مولوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ چینی کی قیمتوں میں استحکام اور سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ شوگر ملز مالکان سے مشاورت کے ذریعے اس معاملے کا موثر اور دیرپا حل تلاش کرے ۔