امت امریکہ ،اسرائیل گٹھ جوڑ کیخلاف متحد ہوجائے ،مقررین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ایران پر امریکی حملے و جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف پیر کو ملک گیریوم احتجاج منایا گیا۔
کراچی میں جے آئی یوتھ کے تحت کراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہکیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم ابدالی، جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹریز یونس بارائی، ابن الحسن ہاشمی، امیر ضلع سائٹ غربی ڈاکٹر نور الحق، نائب امیر ضلع جنوبی فضل الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پوری امت اور عالم اسلام کے حکمران امریکہ و اسرائیل گٹھ جوڑ، ان کی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف متحد ہوں اور واضح اور دو ٹوک انداز میں کھل کر ایران کے ساتھ کھڑے ہوں، اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں مسلسل اہل ِ غزہ پر ظلم ڈھا رہا ہے ، 60ہزار فلسطینیوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں کو شہید کر چکا ہے اور اب ایران کے خلاف جارحیت کر رہا ہے اگر بد مست ہاتھی اورخونخوار درندے کو نہ روکا گیا تو کل کوئی اور مسلم ملک بھی نشانہ بن سکتا ہے ، امریکہ اور اسرائیل کا مل کر ایران پر حملہ آور ہونا پاکستان کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے ، پاکستان نے گزشتہ ماہ بھارت کو جو سبق دیا ہے اور افواج ِ پاکستان نے جس طرح بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اس کے بعد پاکستان کو دوسری جانب سے نشانہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے ۔