آلودہ پانی:جلد،پیٹ ارو آنکھوں کے امراض میں ہولناک اضافہ

آلودہ پانی:جلد،پیٹ ارو آنکھوں کے امراض میں ہولناک اضافہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں پینے کے آلودہ پانی کے استعمال سے عوام میں جلد، پیٹ اور آنکھوں کے امراض اور الرجی میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے ۔

آلودہ پانی کی وجہ سے کراچی میں ہر سال تقریباً 20,000 بچے مختلف امراض میں مبتلا ہوکر دم توڑ دیتے ہیں۔ آلودہ پانی استعمال کرنے سے سب سے زیادہ کم سن بچے اور بڑے اسہال، ہیضہ اور ٹائیفائیڈ کا شکار ہورہے ہیں۔ دوسری جانب آلودہ پانی سے نہانے کے باعث مختلف جلدی بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں، آلودہ پانی میں مختلف بیکٹریا، وائرس اور کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جس سے ڈرمٹائٹس ، فنگل انفیکشنز ، خارش یا اسکیبیز ، بیکٹیریل انفیکشنز ایمپیٹیگو ، فولیکولائٹس اور ایگزیما لاحق ہوتے ہیں۔آلودہ پانی سے آنکھوں میں مختلف قسم کے جراثیم داخل ہو جاتے ہیں جس سے آشوبِ چشم ، ٹریچوما ، کارنیا کا زخم ، فنگس سے آنکھ کا انفیکشن ، آنکھ کی الرجی اور یووائٹس کی بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں۔ماہر امراض جلد (اسکن) ڈاکٹر شمائل ضیا نے بتایا کہ آلودہ پانی سے جلد پر فنگل انفیکشن بہت زیادہ بڑھتا جا رہا ہے جسے ہم ٹینیا کورپریس کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بال توڑ یا فالیکولائٹس بھی بہت دیکھنے میں آ رہا ہے کہ جو آلودہ پانی کے استعمال سے ہوتا ہے ۔ دوسری جانب آلودہ پانی سے ایکزیما کی بیماری بھی لاحق ہوتی ہے کیونکہ آلودہ پانی میں نمک زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں ایکزیما زیادہ عام ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو آلودہ پانی کے استعمال سے ہونے والی بیماریوں کے بارے میں آگاہی دینے کی بہت ضرورت ہے تاکہ ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں جہاں صاف پانی کی فراہمی محدود ہے ، وہاں آلودہ پانی سے رابطہ ایک عام مسئلہ بن چکا ہے ۔ آلودہ پانی میں مختلف اقسام کے بیکٹیریا، وائرس، فنگس، کیمیکل اور زہریلے مادے شامل ہوتے ہیں جو جلد کے لیے سخت نقصان دہ ہوتے ہیں۔ جب یہ آلودگی براہِ راست جلد کے ساتھ رابطے میں آتی ہے چاہے وہ نہانے ، منہ ہاتھ دھونے کے دوران ہو تو مختلف قسم کی جلدی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ زیادہ تر جلد بیماریوں میں فنگل انفیکشن، بیکٹیریل انفیکشن، امپیٹیگو، سیلولائٹس، اسکیبیز، ڈرمیٹائٹس، ایکزیما سمیت دیگر امراض لاحق ہوجاتے ہیں۔ماہر امراض چشم ڈاکٹر ضیاء اقبال نے بتایا کہ آلودہ پانی براہِ راست آنکھوں سے رابطے میں آنے سے مختلف آنکھوں کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔ ان بیماریوں کا پھیلاؤ اس وقت بڑھ جاتا ہے جب لوگ نہانے ، کپڑے دھونے یا تیراکی کے دوران غیر محفوظ پانی استعمال کرتے ہیں۔ ان بیماریوں میں سے کچھ سطحی ہوتی ہیں جیسے آشوبِ چشم، جو وقتی تکلیف دیتی ہیں، جبکہ بعض بیماریاں جیسے ٹریچوما یا کارنیا کا زخم بینائی کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں