واٹر ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں واٹر بورڈ کے ٹھیکوں اور ٹینکرز کو پانی کی فراہمی کے تنازع پر واٹر ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار سردار حمید نے موقف اختیار کیا کہ ان کی یونین میں 350 سے زائد ٹینکرز رجسٹرڈ ہیں۔
لیکن واٹر بورڈ گزشتہ 20 برس سے مخصوص افراد کو ہی ٹھیکے جاری کر رہا ہے اور دیگر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے یونین نہیں، آپ ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے ہیں اور استفسار کیا کہ آپ عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں یا عوام آپ کی؟ ہمیں معلوم ہے کہ یہ سب معاملہ پیسوں کا ہے ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے ۔