شاہراہ بھٹو کی تکمیل پرکازوے بند کرنے کااعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کو کاٹھور اور موٹروے تک دسمبر 2025 میں مکمل کر کے کھول دیا جائے گا جبکہ پُل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کورنگی کاز وے روڈ کو بند کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت شاہراہِ بھٹو کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی اور دیگر شریک ہوئے ۔شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو قائد آباد تک کھول دیا گیا ہے جبکہ دسمبر میں شاہراہ بھٹو کو موٹر وے سے ملانے کے لیے کھولیں گے ۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں کورنگی کاز وے سے قائد آباد تک 99 فیصد مکمل ہو چکا ہے ، دوسرے مرحلے میں قائد آباد سے کاٹھور تک 65 فیصد تک پیشرفت ہوچکی جبکہ جام صادق انٹر چینج کا کام 73 فیصد ہو چکا ہے ۔کورنگی کاز وے برج پر کام 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ برج بن جائے تو کاز وے روڈ ختم کر دیں گے ۔ اسی کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ کا کاز وے برج پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ میں شاہراہ بھٹو کاٹھور تک دسمبر 2025 میں ٹریفک کے لیے کھول دوں گا، یہ کام ٹائم لائن پر مکمل ہونا چاہیے ۔