میرپورخاص:انسداد تجاوزات آپریشن،درجنوں پتھارے ضبط
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) ہائی کورٹ کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیو اور ڈپٹی ڈائریکٹر انکروچمنٹ اورنگزیب مغل کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بلدیہ مارکیٹ چوک سے کارروائی کا آغاز ہوا۔آپریشن کے دوران متعدد دکانداروں پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور درجنوں ٹھیلے و پھٹارے ضبط کر لیے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق پہلے مرحلے میں 9 اہم مقامات پر تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ پورے مہینے کا شیڈول جاری کیا جا چکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جو دکاندار ازخود تجاوزات ختم نہیں کریں گے ، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن بلا تفریق جاری رکھا جائے تاکہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کو درپیش مشکلات میں کمی آ سکے۔