کھڈامارکیٹ میں 2چھتیں گرنے کامقدمہ درج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی 2 چھتیں گرنے کے واقعے کامقدمہ ڈپٹی ڈائریکٹرایس بی سی اے لیاری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔۔۔
جس میں عمارت کی پانچویں منزل پرغیرقانونی تعمیرات کرانے والے یوسف نامی شخص کو نامزد کیا گیا ہے ۔کھڈا مارکیٹ جھکوئی محلہ گلی نمبر بی تھری میں غنی مینشن نامی عمارت کی 2 چھتیں گرنے کے واقعے کا مقدمہ قتل بالسبب اور غفلت و لاپروائی سمیت دیگر دفعات کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے لیاری الطاف حسین کی مدعیت میں بغدادی تھانے میں درج کرلیا گیا۔مدعی مقدمہ کے مطابق بدھ کی دوپہر2 بجے اطلاع ملی تھی کہ لیاری کھڈا مارکیٹ جھکوئی محلے میں رہائشی عمارت کی 2 گر گئیں، اطلاع پر اپنے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچا اورمعلوم ہوا کہ پلاٹ نمبر1444 پرغنی مینشن نامی عمارت گراؤنڈ پلس 5 فلور تعمیر ہے ۔عمارت کے پانچویں فلور پریوسف ولد احمد نامی شخص غیرقانونی طریقے سے ایس بی سی اے کی منظوری کے بغیراوربغیرحفاظتی اقدمات کے تعمیر کروارہا تھا، جس کی وجہ سے پانچویں فلورکے کمرے کی چھت گر گئی اور اس کے بعد چوتھے فلورکی چھت بھی گرگئی ۔چوتھے فلور کی چھت گرنے کے نتیجے میں 2 خواتین 45 سالہ حرمت زوجہ رفیق اور40 سالہ حمیدہ دختر عبدالرحمان جاں بحق ہوگئیں جب کہ 3 خواتین 14 سالہ حرا دخترمحمد رفیق،18 سالہ جویریہ دخترمحمد رفیق اور 35 سالہ سکینہ دخترعبدالرحمن زخمی ہوگئیں ۔مدعی مقدمہ کے مطابق میرا دعویٰ ہے کہ ملزم یوسف کی غیرقانونی طریقے سے ایس بی سی اے کی منظوری کے تعمیر کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔