ایم کیوایم کابارشوں سے قبل حفاظتی انتظامات کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کراچی میں متوقع بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ سے قبل از وقت حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں کہا ہے۔
کہ شہر قائد جو اس وقت تمام طرح کے مصائب و مسائل کا شکار ہے جس کا پس منظر گزشتہ سترہ سالوں کی بدنیت بدعنوان اور مسلط شدہ حُکمرانی ہے ایسے میں بارانِ رحمت شہریوں کے لیے باعث زحمت بن جاتی ہے ، گزشتہ دنوں حیدرآباد شہر میں کلاوڈ برسٹ کے بعد نشیبی علاقوں میں آج تک پانی کھڑا ہے ، خدشہ ہے کہ بدولت کراچی میں اس سے بدتر حالات کا سامنا ہوسکتا ہے ، اس شہر میں کم دورانیہ کی بارش کا خمیازہ بھی ہفتوں تک عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ہر بار کی بارش نام نہاد شہری حکومت کے دعوؤں کو گٹر میں بہا کرکے کاغذی ترقی کی قلعی کھول کر رکھ دیتی ہے اور ہر بار عوام پہلے سے کہیں زیادہ نقصانات کا سامنا کررہے ہوتے ہیں، علی خورشیدی نے کہا کہ سوئی سے لیکر جہاز تک پر محصول دینے والے شہر کو صوبائی حکومت بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے ارادی طور پر نالاں ہے ، علی خورشیدی نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کی جانب توجہ مبذول کرانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے جس سے اجتناب سندھ حکومت کے لئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا۔