میرپورخاص میں ٹھگوں کی شامت، کروڑوں کی ریکوری

میرپورخاص میں ٹھگوں کی شامت، کروڑوں کی ریکوری

میرپورخاص (رپورٹ:عزیز خان یوسفزئی) میرپورخاص میں بدنام زمانہ بنارسی ٹھگوں کے ہاتھوں درجنوں افراد کروڑوں روپے سے محروم ہوگئے ۔50

 سے زائد متاثرین فریاد لے کر ایس ایس پی آفس پہنچے ، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ٹھگ بابو دندال سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ٹھگوں سے مبینہ طور پر ملے پولیس اہلکار موبائل ڈرائیور معشوق چانڈیو کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈو جان محمد کے علاقے میں سرگرم پیشہ ور ٹھگوں کے خلاف کارروائی متاثرین کی شکایات پر عمل میں لائی گئی۔ ٹنڈو الہٰیار سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما پنھل ناریجو کی قیادت میں متاثرین نے ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنا سے ملاقات کی اور تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر ایس ایس پی نے مقدمات درج کرنے اور سخت ایکشن کی ہدایات دیں۔پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں اب تک متعدد متاثرین کو ان کی رقم واپس دلائی جا چکی ہے ۔ تھرپارکر کے رہائشی محمد یوسف سے 17 لاکھ روپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی، جبکہ ٹنڈو الہیار کے لنڈ بلوچ برادری کے متاثرین کو 60 لاکھ میں سے 55 لاکھ روپے واپس دلوائے گئے ۔ادھر ٹاؤن تھانے میں سندھ کے مختلف علاقوں سے آئے دیگر متاثرین کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں، جن پر مقدمات درج کیے جائیں گے جس کے بعد مزیدگرفتاریاں متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے  بابو دندال  کے گھر کو بھی مسمار کر دیا جبکہ اس کیس میں اشرف چانڈیو سمیت مزید تین افراد کی گرفتاری عمل میں آ چکی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں