مختلف حادثات وواقعات میں تین افراد جاں بحق
سانگھڑ ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) سانگھڑ کے شہر سنجھورو میں نامعلوم مسلح افراد نے کلہاڑیوں سے حملہ کرکے 70 سالہ تاجر اسلام دین شیخ اور اس کے بیٹے وسیم کو شدید زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
لاڑکانہ کے مصروف کاروباری علاقے جیلس بازار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ محنت کش سدھیر سیال زخمی ہوگیا، جسے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ کسی اور کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ محراب پور کے گاؤں جانی مری میں آصف مری نامی نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اسی علاقے میں دو مختلف نہروں میں ڈوبنے کے واقعات پیش آئے ، جن میں دریا خان مری میں کبیر لغاری نامی بچہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ بھریا روڈ کا نوجوان نوید علی مہر حیدرآباد میں نہاتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا۔ لاش کی تلاش جاری ہے ۔ دوسری جانب روہڑی میں دریائے سندھ میں ڈوبنے والے دو نوجوانوں کو پاکستان نیوی اور کشتی بانوں نے بچا لیا۔ مورو کے قریب قومی شاہراہ سے 60 سالہ نامعلوم ضعیف شخص کی لاش ملی، جس کے جسم اور چہرے پر چوٹوں کے نشان موجود تھے ۔ پولیس کا شبہ ہے کہ وہ کسی گاڑی کی ٹکر کا شکار ہوا ہے۔