واٹرکارپوریشن کاآپریشن،پانی چوری کی کوشش ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے پانی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ۔
اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن نے ایک سنجیدہ نوعیت کی پانی چوری کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ڈینم انٹرنیشنل نامی فیکٹری کے خلاف موثر کارروائی کی۔ آپریشن میں اینٹی تھیفٹ سیل چیف سکیورٹی آفیسر سمیت واٹر کارپوریشن کے عملے نے حصہ لیا ۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق یہ کاروائی پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریا کے قریب عمل میں لائی گئی جہاں ڈینم انٹرنیشنل نامی ٹیکسٹائل کمپنی ہالیجی کنڈیوٹ سے غیر قانونی طور پر پانی حاصل کر رہی تھی۔دورانِ معائنہ انکشاف ہوا کہ کمپنی 6 انچ قطر کے غیر قانونی سمر پمپ کے ذریعے ہالیجی کنڈیوٹ سے یومیہ ہزاروں گیلن پانی چوری کر رہی تھی واٹر کارپوریشن کی فوری کاروائی کے نتیجے میں غیر قانونی سمر پمپ کو موقع پر ہی منقطع کر دیا گیا مزید قانونی کاروائی کے لیے واٹر کارپوریشن نے پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ بھی درج کروا دیا اس موقع پر ترجمان واٹر کارپوریشن نے واضح کیا کہ پانی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قبیح فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن شہریوں کو منصفانہ اور بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے اور اس مشن میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔