بلدیہ عظمیٰ کا کورڈ پارکنگ زونز میں اسمارٹ ڈیجٹیل پارکنگ قائم کرنے کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے منتخب کور شدہ اور چار دیواری سے محفوظ پارکنگ زونز میں اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سروسز شروع کرنے جا رہی ہے۔
یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں عوامی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور شہری آمدورفت کو بہتر بنانے کے وژن کا حصہ ہے ،اس سے قبل شہر کے 32 مقامات پر مفت پارکنگ کے اعلان کے بعد اب بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 10 اہم مقامات پر اسمارٹ پارکنگ زونز کے قیام کی منظوری دے دی ہے ، جن میں سنڈبیڈ گلشن اقبال، پارکنگ لاٹ نزد اے او کلینک ناظم آباد،کلفٹن سینٹر،سسی آرکیڈ،پیراڈائز سینٹر، پولو گراؤنڈ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ،کرسٹل کورٹ،بیچ ویو پارکنگ کلفٹن کے درمیان پلاٹ،ہائپر اسٹار بیچ ویو پارکنگ کلفٹن، ڈرائیونگ لائسنس برانچ ناظم آباد شامل ہیں، اس منصوبے کے نفاذ کے لیے محکمہ چارجڈ پارکنگ نے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں اور خریداری کے مراحل کا آغاز کر دیا ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) طلب کیا گیا ہے تاکہ نجی شعبے کو بھی شامل کیا جا سکے ،اسمارٹ پارکنگ سسٹم میں ڈیجیٹل ٹکٹنگ اور بغیر نقد ادائیگی کے آپشنز،پارکنگ کی دستیابی کی معلومات حقیقی وقت میں، کور شدہ علاقوں میں سیکورٹی اور نگرانی کے بہتر انتظامات شامل ہوں گے ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف کراچی میں بڑھتی ہوئی پارکنگ کی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ شہری ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی طرف ایک اہم قدم ہو ،یہ منصوبہ فی الوقت جائزے کے مراحل میں ہے۔