جھڈو میں منشیات اور بدامنی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس
جھڈو(نمائندہ دنیا)پاکستان مرکزی مسلم لیگ تعلقہ جھڈو کی جانب سے جھڈو میں شراب، ہر قسم کی منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں اور بدامنی کے خلاف ناگوری ہال میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں شہر کی سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ محمد انور نے کہا کہ جن معاشروں میں سماجی برائیاں عام ہو جائیں، وہاں انسانیت دم توڑ دیتی ہے ۔ نوجوان نسل کی بربادی، خاندانی نظام کی تباہی اور معاشرتی عدم تحفظ انہی برائیوں کی پیداوار ہیں۔ انتظامیہ پر فرض ہے کہ وہ قانون کے مطابق فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ جھڈو کو منشیات اور جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ اس موقع پر مفتی اویس اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جھڈو کو سماجی برائیوں سے پاک کرنے کے لیے \"علمِ جہاد\" بلند کر دیا ہے ۔ ہم نے پہلے مرحلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایکسائز، اور دیگر اداروں کو تحریری درخواستیں جمع کروائیں۔ اب ہم عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے میدانِ عمل میں آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائیاں نہ ہوئیں تو ہم احتجاجی ریلیاں نکالیں گے ، بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کریں گے ۔جمعیت علماء اسلام جھڈو کے امیر مفتی عمران راجپوت ، عقیل احمد، سابق وائس چیئرمین عمردراز قائم خانی، سماجی رہنما عمران لیاقت قائم خانی اور رانا تصور علی راجپوت نے کہا کہ ہمیں مذہب، ذات، پارٹی سے بالاتر ہو کر ایک قومی مقصد کے لیے متحد ہونا ہو گا۔