گھریلو ملازمہ 45تولے سے زیادہ سونا لے اڑی

گھریلو ملازمہ 45تولے سے زیادہ سونا لے اڑی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیروز آباد شہید ملت روڈ پر اپارٹمنٹ میں کروڑوں کی چوری، گھریلو ملازمہ مبینہ طور پر پنتالیس تولہ سے زائد سونا اور نقدی لے اڑی۔

 تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے پوش علاقے فیروز آباد تھانے کی حدود شہید ملت روڈ پر واقع اپارٹمنٹ میں کپڑے کے تاجر محمد طاہر کے فلیٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی چوری کی واردات سامنے آئی ہے ۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ محمد طاہر کے مطابق گھر سے تقریباً 45 تولہ سے زائد سونا اور لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی چوری کی گئی ہے ۔ گھر کے تمام افراد دن میں ایک دعوت میں شرکت کے لیے گئے تھے ۔ جب واپس آئے تو گھر کا تمام سامان بکھرا ہوا ملا اور قیمتی اشیاء غائب تھیں گھر کے افراد کو شبہ ہے کہ گھریلو ملازمہ اپنی بہن کے ساتھ گھر میں صفائی کے لیے آئی تھی اور مبینہ طور پر گھریلو ملازمہ کی بہن گھر کے کسی باتھ روم میں چھپ گئی تھی جس نے بعد میں گھر کا صفایا کیا ہے پولیس حکام کے مطابق گھریلو ملازمہ کا موبائل فون بھی بند جا رہا ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق، گھریلو ملازمہ نے اپنے شناختی کارڈ کے بجائے اپنے والد کا شناختی کارڈ جمع کرایا تھا، جس کی تصدیق جاری ہے ۔ جبکہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ اپارٹمنٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر گزشتہ روز سے خراب تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں