پارکوں کو قبضہ مافیا سے بچانے میں کامیاب رہے ،منعم ظفر

پارکوں کو قبضہ مافیا سے بچانے میں کامیاب رہے ،منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام پر پارکوں کے تجارتی استعمال اور قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور عوام کی فتح ہے۔۔۔

 پارکوں کو قبضہ مافیا سے بچانے میں کامیاب رہے ، کراچی کو قبضہ مافیا و کرپشن سے بچانے اور شہریوں کے حقوق کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کلفٹن بلاک 2 کے مکینوں کے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے عمر شریف پارک پر قبضہ ختم کروانے اور پارک کی اصل حیثیت بحال کرنے کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی کاوشوں پر اظہار تشکر کیلئے اور عوام کے حق میں آنے والے عدالتی فیصلے کے حوالے سے ملاقات کی۔منعم ظفرنے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حق میں کھڑی ہے ۔ پارک، کھیل کے میدان اور عوامی سہولتوں پر قبضے شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام پردھندے کے خلاف عدالت عالیہ کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ حق اور سچ کی جدوجہد رنگ لاتی ہے ۔منعم ظفر نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے بنیادی حقوق اور سہولتیں مسلسل غصب کی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اہل کراچی کی حق تلفی اور مسائل پر آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔کراچی کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں