اعلیٰ عدلیہ کا آئینی عدالت کے قیام پراعتراض بے جا ، نثار کھوڑو

اعلیٰ عدلیہ کا آئینی عدالت کے قیام پراعتراض بے جا ، نثار کھوڑو

ٹیک اوور کے وقت سپریم کورٹ کہاں تھی، عدالت نے ہاں میں ہاں ملائی18 ویں ترمیم، این ایف سی پر سودے بازی نہیں کرینگے ، پریس کانفرنس

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم ہو یا 28 ویں، پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم ، صوبائی خود مختاری اور این ایف سی میں صوبوں کے حصے پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی، لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اعلی عدلیہ کا آئینی عدالت کے قیام پر اعتراض بے جا ہے ، اس وقت سپریم کورٹ کہاں تھی جب ملک میں ٹیک اوور ہو رہا تھا اور عدالت آمروں کی ہاں میں ہاں ملا رہی تھی، ملک کی اعلی عدالت نے بھٹو شہید کو جھوٹے کیس میں پھانسی پر چڑھایا اور مارشل لاؤں کو تحفظ دیا، اگر کسی کو اعتراض ہے تو جواز پیش کیا جائے کہ آئینی عدالت کیوں نہیں ہونی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے ، جس میں ججز کی برابری کی نمائندی ہوگی، آئینی عدالت کے بعد امید ہے سپریم کورٹ میں بھی ججز کی برابری کی نمائندگی آجائے گی، انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے 18 ویں ترمیم پر اعتراض اٹھایا تھا اگر پیپلز پارٹی کو سپریم کورٹ سے بھٹو شہید کی پھانسی کا انتقام لینا ہوتا تو پیپلز پارٹی سپریم کورٹ میں بھٹو شہید کے متعلق ریفرنس دائر نہ کرتی، انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کا عام آدمی کی زندگی متاثر نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں