انٹر پری میڈیکل نتائج کیس اینٹی کرپشن کورٹ میں داخل
ملزمان میں سابق چیئرمین، سابق کنٹرولر امتحانات،سپرنٹنڈنٹ ،آئی ٹی منیجرسمیت دیگر شامل ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے پری میڈیکل گروپ کے امتحانی نتائج میں تبدیلی کے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے ۔ اینٹی کرپشن عدالت کے روبرو پیش کئے گئے چالان کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے 2022 کے سالانہ امتحانات میں طلبہ کے نمبروں میں غیر قانونی تبدیلیوں کی تفتیش مکمل کی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ طلبہ کے اصل نمبروں کو ایوارڈ لسٹوں میں کاٹ کر بڑھایا گیا، مثلاً ایک طالب علم کے انگریزی کے 41 نمبر 55 کر دیے گئے جبکہ دوسرے طالب علم کے 17 نمبر 50 کر دیے گئے ۔ اسی طرح بوٹنی، زولوجی، کیمسٹری اور فزکس کے مضامین میں بھی یکساں اضافہ کیا گیا۔ چارج شیٹ میں شامل ملزمان میں سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین، سابق چیئرمین پروفیسر نسیم احمد میمن، سابق کنٹرولر امتحانات انجینئر انور علیم کے راجپوت، سابق ڈپٹی کنٹرولر امتحانات محمد اسلم چوہان، سپرنٹنڈنٹ تنویر عباس زیدی، اسسٹنٹ کنٹرولر محمد اطہر اور آئی ٹی منیجر شہیر وقار شامل ہیں۔ چالان میں شہیر وقار کو مفرور قرار دیا گیا ہے ۔ تفتیش افسر نے عبدالحارث فاروقی اور ظہیرالدین بھٹو کے خلاف ثبوت نہ ملنے پر چالان نہیں کیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ٹیبولیشن رجسٹرز میں کنٹرولر امتحانات، چیئرمین اور ٹیبیولیٹرز کے دستخط موجود نہ ہونا سامنے آیا ۔