80لٹر مضر صحت دودھ تلف ،30ہزار جرمانہ

80لٹر  مضر  صحت  دودھ  تلف ،30ہزار  جرمانہ

انسداد تجاوزات مہم کے دوران سہراب گوٹھ پر تین غیر قانونی بس اڈوں کا خاتمہ،متعین عملہ کے تین افراد گر فتار ، ایف آئی آر درج ،موجود کوچ ضبط شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی اور لانڈھی میں بھی کارروائیاں،غیر قانونی ایل پی جی شاپ سربمہر،تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھی جائے ،کمشنر کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کی ناجائز منافع خوری کی روک تھام غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف کارروائی اور سافٹ اینکر وچمنٹ کے خاتمے کی مہم جاری ہے مختلف اضلاع میں مضر صحت دودھ اور غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔ مختلف اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ اداروں کے تعاون سے کارروائیاں کیں ۔ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو گزشتہ روز کی مختلف کارروائیوں کی رپورٹ پیشِ کی ہے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز مضر صحت دودھ کی روک تھام کریں تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عرفان نظامانی نے فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر مضر صحت دودھ کی فروخت پر کارروائی کرکے 80 لٹر مضر صحت دودھ تلف کیا اور تیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ گلزار ہجری سب ڈویژن میں اسسٹنٹ کمشنر عرفان نظامانی نے گلستان جوہر بلاک 7 میں جو ہر کمپلیکس پر گراں فروشی کے خلاف کارروائی کی نرخوں کی خلاف ورزی پر مختلف دکانداروں پر ایک لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔

ضلع وسطی میں اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ افشاں ریکی نے سہراب گوٹھ پر واقع تین غیر قانونی بس اڈوں عاد ل شاہ بس اڈہ نیو غازی ایکسپریس اڈہ اور بلوچ ایکسپریس بس اڈہ کا خاتمہ کردیا ۔تینوں بس اڈوں پر متعین عملہ کے تین افراد کو گر فتار کر لیا گیا ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ۔کمشنر کراچی کو ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کی جانب پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس روز پہلے تینوں اڈے ختم کر دیے گئے تھے تاہم اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ اور دیگر شہروں کے لیے دو بارہ یہاں سے بانٹر سٹی بسیں اور کوچز چلائی جا رہی ہیں لہذا اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ افشاں ریکی نے کارروائی کرکے ان اڈوں کا خاتمہ کر دیا ،عملہ کو گرفتار کرلیا گیا اور اڈہ پر موجود کوچ کو ضبط کر لیا گیا ۔ضلع ملیر کے ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ شیخ کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری سب ڈویژن نے علاقہ میں ایک غیر قانونی ایل پی جی شاپ کو سر بمہر کردیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ۔ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو نے شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی اور لانڈھی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق ایک غیر قانونی ایل پی جی کی شاپ کے خلاف کارروائی کی ہے اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کرتے ہوئے دکان کو سیل کردیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں