چھوٹے دکانداروں کو ہراساں کرنیکا سلسلہ بند کرنیکا مطالبہ
لیبر اہلکاروں کی ہراسانی پر تاجر پریشان، ڈیٹا اکٹھا کرکے رشوت کا مطالبہ کیا جاتا ہےغیرقانونی چھاپوں کا نوٹس لیا جائے ،تاجر اتحاد کی کراچی چیمبر سے توجہ کی درخواست
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی سندھ تاجر اتحاد نے لیبر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چھوٹے دکانداروں کو لیبر قوانین کی آڑ میں ہراساں کرنے ، ان سے رشوت طلب کرنے اور دکانداروں میں امن و امان کی صورتِ حال بگڑنے کے متعدد واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔ تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ لیبر قوانین کا مقصد مزدوروں کا تحفظ ہے نہ کہ چھوٹی دکانوں، ریڑھی والوں اور محنت کش کاروباروں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا ،کراچی سندھ تاجر اتحاد نے تحقیقات میں یہ بات سامنے لائی ہے کہ لیبر کی مختلف ٹیمیں دکانداروں کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر اکٹھا کرنے کے ساتھ ان سے رشوت کے مطالبے بھی کرتی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ زیادتی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کاروباری طبقہ سخت اضطراب کا شکار ہے۔
تاجر اتحاد نے واضح کیا کہ لیبر قوانین اس لیے بنائے جاتے ہیں کہ مزدوروں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہو، معیشت کا پہیہ چلے ، ہنرمند کاریگر اور مزدور ملک کی بہاری قوت ہوں، مگر سرکاری اہلکاروں کی جانب سے چھوٹے تاجروں کو تنگ کرنا انتہائی نامناسب رویہ ہے ۔کراچی سندھ تاجر اتحاد نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ لیبر ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کے غیرقانونی چھاپوں، دھونس دھمکیوں اور دکانداروں سے رشوت کے مطالبوں کانوٹس لیا جائے اور اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، علاوہ ازیں چھوٹے دکانداروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرایا جائے ۔چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب نے ایڈیشنل سیکریٹری لیبر، چیئرمین کے سی سی آئی سے فوری توجہ کی درخواست کی ۔