کوٹری:گیس لوڈ شیڈنگ، کم پریشر، اضافی بلوں سے شہری پریشان
سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر ودیگر علاقوں میں بحران پھر سر اٹھانے لگا کونسلر کی زیرقیادت شہریوں کا احتجاج، سردیوں میں گیس قلت دور کرنے کا مطالبہ
کوٹری(نامہ نگار)سردی کی شدت بڑھتے ہی کوٹری اور گردونواح میں گیس کی قلت پیدا ہوگئی، کوئلے اور لکڑیوں کی فروخت بڑھنے پر ان کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، جبکہ اضافی بلوں سے عوام کو نئے معاشی بوجھ کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی کوٹری ودیگر علاقوں میں گیس کا بحران سر اٹھانے لگا ہے ، گیس لوڈشیڈنگ، کم پریشر اور اضافی بلوں سے شہری تنگ آچکے ۔ شہریوں نے پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی قیادت بلدیاتی کونسلر راؤ شاہد کررہے تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی عدم فراہمی سے لکڑی اور کوئلے کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
شہری مجبوراً کوئلہ اور لکڑی جلاکر کھانا بنانے پر مجبور ہیں، خواتین کو کھانا بنانے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے ، جبکہ گیس نہ ہونے کے باوجود اضافی بلوں نے تنگ کردیا، گیس حکام کو متعدد بار شکایت کرنے کے باوجود ازالہ نہیں کیا جاتا۔اس ضمن میں زونل منیجر ایاز جکھرانی کا کہنا ہے کہ سردی بڑھتے ہی گیس کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے ، جس سے پریشر پر فرق آتا ہے ۔ ہماری ٹیم اس کے لئے کام کررہی ہے ، جلد شہریوں کو مسائل سے چٹکارا مل جائے گا۔ دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سردی کے موسم میں گیس کی قلت کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔