ایس ایس جی سی کی کارروائی ،950غیر قانونی کنکشن منقطع
فیکٹریوں، رہائشی علاقوں اور ریسٹورنٹس میں زیرِ زمین غیر قانونی کنکشن بے نقاببھاری ایڈوانس،ماہانہ رقم وصول کی جاتی رہی،متعددایف آئی آر درج ، سامان ضبط
کراچی(سٹی ڈیسک)سوئی سدرن گیس چوری کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،کراچی اور مضافاتی علاقوں میں گیس چوری کے خلاف ایس ایس اینڈ سی جی ٹی او کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، اس سلسلے میں سی آر ڈی تھیفٹ سیکشن، ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ، ایس ایس جی سی پولیس اور مقامی پولیس نے مشترکہ چھاپے مارے اور گیس چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری ایکشن لیا۔تازہ کارروائی میں کورنگی کی ایک پلاسٹک مولڈنگ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا جہاں میٹر میں چھیڑ چھاڑ کرکے ریڈنگ کو الٹا کیا گیا تھا۔ اس واردات میں ملوث شکیل حسین ولد محمد حسین کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔
اسی طرح سومر گوٹھ، ملیر میں ٹیم نے زیرِ زمین غیر قانونی گیس کنکشن پکڑاجس ،ملزمان 20 ہزار روپے ایڈوانس اور 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے ۔کیس میں علی حسن،وسیم گل اور سرفراز کے خلاف مقدمات درج ہوئے ۔ قائدآباد کے ریسٹورنٹ پر ریڈنگ الٹانے کا انکشاف ہوا جس پر گُلا جان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی۔ گلستانِ جوہر میں 22 فلیٹس کو زیرِ زمین کنکشن کے ذریعے گیس فراہم کی جا رہی تھی جہاں فی فلیٹ 3 ہزار روپے ماہانہ لیے جا رہے تھے ، اس کیس میں ذیشان صفدر نامزد ہوا،مزید برآں حسن پنھوار گوٹھ میں 500 گھروں اور باغوان گوٹھ میں 250 گھروں کو غیر قانونی گیس فراہم کی جا رہی تھی ۔ تمام غیر قانونی کنکشن موقع پر ختم کر دیے گئے اور سامان ضبط کر لیا گیا۔