ایک ہفتے کے دوران 301گراں فروشوں کے خلاف کارروائی

ایک ہفتے کے دوران 301گراں فروشوں کے خلاف کارروائی

21 لاکھ 27ہزار روپے سے زائد جرمانہ ، 7افراد گرفتار، ایف آئی آر درج گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھی جائے ،کمشنر سید حسن نقوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کی تجاوزات کے مرتکب دکانداروں اور دیگر تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے ۔مختلف ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں گراں فروشوں اور تجاوزات کے خلاف مہم کی رپورٹ کمشنر کو پیش کی جس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 301 گراں فروشوں پر 21 لاکھ 27 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جب کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ایک گر اں فروش کی دکان سر بمہر کی گئی۔ ضلع جنوبی میں 77 گراں فروشوں پر چار لاکھ57 ہزار، ضلع شرقی میں 67 گراں فروشوں کے خلاف سات لاکھ 71 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر وسطی کے مطابق 51 گراں فروشوں کے خلاف دو لاکھ 92 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ضلع غربی میں 9 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی میں 86 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ملیر ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع ملیر میں36 گراں فروشوں پر ایک لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر کورنگی کی رپورٹ کے مطابق 41 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 3 لاکھ ر وپے سے جر مانہ عاید کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے مطابق کیماڑی ضلع میں 20 گراں فروشوں پر 33 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے جمعہ کورپورٹ پیش کی ۔انہوں نے صدر سب ڈویژن میں غیر قانونی طور پر عرصہ سے قائم تانگہ اسٹینڈ کے خلاف کارروائی کر کے اسے ہٹادیا ۔ رپورٹ کے مطابق تجاوز ات کے خلاف کارروائی میں 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز گراں فروشی اور سافٹ تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں