میزان بینک نے فنانشل کیٹگری میں بہترین کمپنی کا ایوارڈ جیت لیا
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کے معروف اسلامی بینک نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چالیسویں کارپوریٹ ایکسلنس ایوارڈز کی مالیاتی کیٹگری میں بہترین کمپنی کا ایوارڈحاصل کیاہے۔
میزان بینک نے فنانشل کیٹگری میں مسلسل چوتھے سال یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، ریگولیٹرز، کارپوریٹ سیکٹراور کاروباری اداروں کے رہنما ؤں نے شرکت کی۔ میزان بینک کے چیف رسک آفیسر اور گروپ ہیڈ رسک مینجمنٹ سید طارق حسن نے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے محنت، انسانی وسائل، سماجی تحفظ سعید غنی سے ایوارڈ وصول کیا۔اس موقع پر میپ کے صدر سینیٹر سرمد علی بھی موجود تھے ۔ یہ ایوارڈ اسلامک بینکنگ انڈسٹری میں میزان بینک کی قیادت اور پاکستان کی فنانشل انڈسٹری کی ترقی اور استحکام میں اس کے شاندار کردار کا اعتراف ہے ۔