اولڈ پپری کی لائن آبی نظام سے منسلک کرنے کا آغاز
منصوبے کا مقصد پانی کی ترسیل کا نظام مزید مستحکم بنانا ہے ،واٹرکارپریشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت اولڈ پپری مین پر بچھائی گئی نئی پائپ لائن کو شہر کے موجودہ پانی کے نظام سے منسلک کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ منصوبے کا مقصد کراچی کے پانی کی ترسیل کے نظام کو مزید مستحکم، جدید اور مؤثر بنانا ہے ۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نئی لائن کو فعال بنانے کے لیے اسے موجودہ نظام سے جوڑا جا رہا ہے جبکہ جدید والوز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے پر جاری کام منگل تک مکمل کیے جانے کی توقع ہے ، جبکہ مجموعی طور پر اس منصوبے کا دورانیہ 96 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے ۔ اولڈ پپری پمپنگ اسٹیشن کو 96 گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
جس کے باعث اس پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہے ، تاہم نئی پپری پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے ۔ کام کے باعث ملیر ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، ماڈل زون ٹاؤن کے کچھ علاقوں سمیت ایس پی ایل اور پی آئی اے میں پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔ مزید برآں منصوبے کے باعث لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس کو بھی بند رکھا گیا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ عارضی بندش کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 60 ملین گیلن پانی کی کمی متوقع ہے ۔