ٹریفک حادثات میں بچی اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
سرجانی ٹاؤن میں ون وہیلنگ کرنے والے نوجوان نے بچی کوکچلا،سہراب گوٹھ پرٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار چل بسا گلشن حدید کے قریب تیز رفتار 10وہیلر ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو روند ڈالا،ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں چند گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں کمسن بچی اور خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن لیاری سیکٹر 50 سی میں سڑک پر پیش آنے والے حادثے میں موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں نے گھروں کے باہر کھیلتے بچوں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں کمسن بچی جاں بحق جبکہ اسکے دو بھائی شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کچی آبادی کے رہائشی تھے، جبکہ ون ویلنگ کرنے والے نوجوان موقع سے فرار ہوگئے ، جن کی تلاش جاری ہے، سہراب گوٹھ الاصف اسکوائر کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوامتوفی کی شناخت نجیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو گلشن معمار کا رہائشی تھا متوفی موٹر سائیکل پر دکانوں صابن شیمپو سپلائی کا کام کرتا تھا ، الاصف اسکوائر کے قریب ٹرک ڈرائیور نے موٹر سائیکل پر سوار اس شخص کو پیچھے سے ٹکر ماری ،نجیب اللہ موقع پر جان بحق ہوا، پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک ڈرائیور اور ٹرک کو سچل تھانے منتقل کردیا ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا ۔گلشن حدید کے قریب تیز رفتار 10 وہیلر ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو روند ڈالا۔ حادثے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ٹریلر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا، زخمی اور جاں بحق خاتون کا تعلق ٹھٹھہ سے بتایا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی بلال کالونی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اٹھارہ سالہ انس جاں بحق ہوگیا جسکی لاش جناح اسپتال لائی گئی ۔